پنجی،24؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) گوا کے سابق وزیر اعلی دگمبر کامت کو غیر قانونی کان کنی معاملے میں آج پیشگی ضمانت مل گئی۔ اس معاملے کی جانچ ریاستی کرائم برانچ کی خصوصی تفتیشی ٹیم کر رہی ہے۔کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لئے وہ ایس آئی ٹی کے سامنے بھی پیش ہوئے۔گوا کرائم برانچ نے دوسری بار کامت کو طلب کیا تھا۔کرائم برانچ میں پیش ہونے سے پہلے آج صبح یہاں ضلعی عدالت کے سامنے سابق وزیر اعلی نے پیشگی ضمانت کی عرضی دائر کی تھی۔ عدالت نے انہیں عبوری ضمانت دے دی اور اگلی سماعت کی تاریخ دو مئی مقرر کی۔کامت کو راحت فراہم کرتے ہوئے عدالت نے انہیں ایک لاکھ روپیہ مچلکہ ا اور اتنی ہی ضمانتی رقم جمع کرنے کا حکم دیا۔کامت نے عدالت کے باہر صحافیوں کو بتایاکہ ماضی میں اس طرح کے معاملات کا مجھے تجربہ رہا ہے، ایسے میں میں پیشگی ضمانت کے لئے گیا، اس کے بعد وہ کرائم برانچ گئے جہاں پر ایس آئی ٹی نے معاملے کے سلسلے میں ان سے پوچھ گچھ کی۔کرائم برانچ کی طرف سے دائر ایف آئی آر میں کانگریسی لیڈر کا نام ہے۔ اس معاملے میں گزشتہ ہفتے منگل( 18 اپریل) کو انہیں سمن جاری کیا گیا تھا لیکن باہر رہنے کا دعوی کرتے ہوئے وہ عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ایس آئی ٹی نے معاملے کے سلسلے میں ان سے فروری 2014 میں پوچھ گچھ کی تھی۔